6 اپریل 2012 - 19:30

گلگت، کراچی اور کوئٹہ میں جاری شیعہ نسل کشی اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

ابنا:  احتجاجی مظاہروں کی اپیل مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے کی گئی تھی، احتجاجی مظاہروں میں ملک بھر کے لاکھوں شیعیان حیدر کرار نے شرکت کرکے حکومت پاکستان کی سرپرستی میں گلگت، کراچی اور کوئٹہ اور ملک کے دیگر علاقوں میں جاری شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف زبردست احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں کالعدم دہشت گرد گرہوں کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور گلگت میں ایک سو پچاس شیعہ مسافروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گرد کالعدم جماعت کے دہشت گرد قاضی نثار اور مولوی عطا اللہ کو پھانسی دی جائے۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ریاستی اداروں کی سرپرستی میں شیعہ مسلمانوں کی نسل کشی کا سلسلہ بند کرو، کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کرو اور شیعہ مسافروں کے قاتلوں کو گرفتار کرکے سزائے موت دو کے مطالبے درج تھے۔

ملک بھر میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے سلسلہ میں کراچی میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ کھارادر میں بعد نماز جمعہ کیا گیا۔ جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماؤں مولانا صادق رضا تقوی، مولانا علی انور، علامہ آفتاب جعفری، محمد مہدی، وصی محمد و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ، کراچی اور گلگت میں 150 سے زائد شیعہ معصوم مسلمانوں کے قتل عام میں امریکہ و صہیونی اور کانگریسی ایجنٹ ملوث ہیں، ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو بلوچستان بنانے کی سازش کی جا رہی ہے تاکہ ملک میں انارکی پھیلائی جائے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مولانا صادق رضا تقوی کا کہنا تھا کہ گلگت، بلتستان میں سفاک دہشت گردوں نے ایک سو پچاس شیعہ مسافروں کو بے دردی سے شہید کردیا ہے جس میں قاضی نثار اور مولوی عطاء اللہ ملوث ہیں ان دونوں دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور سزائے موت دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے گلگت بلتستان میں جاری سرکاری اداروں کی سرپرستی میں شیعہ نسل کشی کا نوٹس نہ لیا تو سرحدی علاقوں کو عدم استحکام سے نہیں بچایا جاسکے گا۔

مولانا علی افضال نے کہا کہ امریکی و صہیونی اور کانگریسی ایجنٹوں کے ذریعہ مملکت پاکستان میں فرقہ وارانہ آگ کو ہوا دینے کی گھناؤنی سازشیں کی جا رہی ہیں جس کے مستقبل میں منفی نتائج برآمد ہوں گے اور اگر اس آگ کو نہ روکا گیا تو پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں آ جائے گا اور ملک دشمن قوتیں اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب ہوں گی۔ رہنماؤں نے کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ اور گذشتہ دنوں 5 شیعہ نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کو افسوس ناک اور حکومت کے لئے لمحہ فکریہ قرار دیا ہے۔

علی اوسط کا کہنا تھا کہ کراچی شیعہ عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ میں حکومتی اتحادی جماعتیں ملوث ہیں جو ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر شیعہ عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ کروا رہے ہیں، مظاہرین نے امریکہ مردہ باد، اسرائیل نامنظور اور دہشت گردی نامنظور سمیت لبیک یا حسین ع اور شہادت سعادت سمیت شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے کے زبردست نعرے لگائے۔دریں اثناء دوسری جانب اسلام آباد میں بھی مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ جاری ہے جس میں ہزاروں افراد برسراحتاج ہیں ۔ پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے جاری احتجاج میں بھی کوئٹہ میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

........

/169